"آدھی بہار” کی شاعرہ روبینہ راجپوت روبی کا انٹرویو

تفکر – آپ کا پورا نام؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔روبینہ راجپوت روبی

تفکر – قلمی نام؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔کوئی نہیں

تفکر – کہاں اور کب پیدا ہوئے؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔شکار پور سندھ،20 جون

تفکر -تعلیمی قابلیت؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔ایم۔اے سوشیالاجی

تفکر – ابتدائی تعلیم کہاں سے حاصل کی؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔نواب شاہ اور حیدرآباد

تفکر – اعلٰی تعلیم کہاں سے حاصل کی؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔ایم۔اے سوشیالاجی(حیدرآباد سندھ یونیورسٹی)

تفکر -پیشہ؟ 

روبینہ راجپوت روبی۔۔ریڈیو پاکستان حیدرآباد سے وابستگی رہی وہاں کی اپروڈ آرٹسٹ ہوں۔ریڈیو پر ہونے والے بہت سے اردو،سندھی پروگراموں میں حصہ لیا۔بچوں کی کہانیاں لکھیں،ڈرامہ لکھا اور کمپئرنگ کی۔ڈراموں میں صدا کاری ڈراموں میں کام کیا

تفکر –ادبی سفر کاآغاز کب ہوا؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔مجھے بچپن سے ہی پڑھنے کا بہت شوق تھا اور میری والدہ ہمارے لیے بچوں کے رسالے،بچوں کی دنیا،نونہال اور تعلیم و تربیت باقاعدگی سے منگواتی تھیں۔میں نے آٹھویں کلاس سے ہی بچوں کی کہانیاں اور نظمیں لکھیں جو بچوں کے مختلف رسائل میں شائع ہوئیں پھر یہ سلسلہ چل نکلا اور پھر افسانے لکھے،شاعری شروع کی سندھی،اردو اور پنجابی

تفکر – آپ نظم یا غزل میں کس سے متاثر ہوئے؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔یہ بڑا مشکل ہے میرے لیے کیونکہ جس طرح پھولوں میں انتخاب کرنا کہ کونسا پھول زیادہ خوبصورت ہے کیونکہ ہر ایک کی اپنی انفرادیت اور مہک ہوتی ہے۔بہر کیف مجھے غزل میں مرزا غالب اور میر تقی میر پسند ہیں۔دور حاضر میں احمد فراز اور منیر نیازی اور نظم میں امجد اسلام امجد اور پروین شاکر

تفکر -کسی شاعر یا ادیب کا تلمذ اختیار کیا؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔ریڈیو پاکستان حیدرآباد کے ممتاز شاعر ادیب اور پروڈیوسر جناب قاصد عزیز صاحب سے رہنمائی حاصل کی

تفکر – ادب کی کون سی صنف زیادہ پسند ہے؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔غزل

تفکر -ادب کی کس صنف میں زیادہ کام کیا؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔میں نے لکھنے کا آغاز تو بچوں کی کہانیوں سے کیا تھا۔ریڈیو حیدرآباد کے پروگرام پھلواری میں بھی بچوں کی کہانیاں سے نشر ہوئیں۔نوائے وقت کراچی میں آپ بیتی،جگ بیتی عنوان سے طنز و مزاح کے مضامین لکھے۔شاعری اور افسانے ریڈیو حیدرآباد کے پروگرام مجلّہ میں سے نشر ہوتے رہے۔اردو ڈرامہ اور فیچر بھی لکھے،سندھی،اردو اور پنجابی میں نظمیں اور غزلیں مختلف رسائل میں شائع ہوتی رہیں۔سندھ یونیورسٹی کے رسالے سرتیوں میں شاعری چھپتی رہی میری زیادہ توجہ شاعری کی طرف رہی۔

تفکر -شعری تصانیف کی تعداد اور نام؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔اردو میں

1: آدھی بہار

2:ہجرتوں کے موسم میں

3:پنجابی شاعری”رتاں دی آس

ایک اردو اور سنھی کتاب زیر طبع ہے

تفکر -نثری تصانیف کی تعداد اور نام؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔افسانوں کی کتاب پہلا سانس یو ایس اے میں شائع ہونے والی کتاب مائی ہونٹڈ لائف افسانوں اور اخباری کالموں کی کتاب زیر طبع ہے

تفکر – اپنے خاندان کے حوالے سے کچھ بتائیں؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔میرے نانا اسحاق اثر راجپوت ایڈووکیٹ اردو،سندھی زبان کے شاعر اور کالم نگار تھے۔والدہ سکول ٹیچر تھیں۔والد پولیس آفسر تھے۔بھائی ڈاکٹر احسان الٰہی لیاقت میڈیکل ہسپتال میں A.M.S ہیں۔بڑی بہن ناہید ڈاکٹر اور دوسری بہن یو۔ایس۔اے میں ٹیچر ہیں جو کہ شاعری بھی کرتی ہیں

تفکر – ازدواجی حیثیت؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔شادی شدہ

تفکر – فیملی ممبرز کے بارے میں بتائیے؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔میرے شوہر کا نام میاں امجد علی مسلم لیگ نون یوتھ ونگ کے سینئر نائب صدر اور بزنس مین ہیں اور اپنے علاقے کی زکوٰۃ کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں۔دو بچے ہیں جو زیر تعلیم ہیں۔میری بیٹی بختاور کو شاعری سے شغف ہے اور اس نے کچھ نظمیں بھی لکھیں

تفکر – آج کل کہاں رہائش پذیر ہیں؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔گلبرگ 111 لاہور میں

تفکر – بچپن کی کوئی خوبصورت یاد؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔بچپن تو نام ہی خوبصورت یادوں کا ہوتا ہے۔ہم سب بہن بھائی اور کزنز مل کر چھٹیوں میں جمع ہوتے تھے اور خوب شرارتیں کرتے تھے۔ہمارے خالو کے فارم ہاؤس میں جھولے ڈل جاتے تھے ہم سب مل کر وہاں پکنک مناتے تھے۔مختلف فروٹ توڑ کر کھاتے تھے اور خوب ہلہ گلہ کرتے تھے۔ایک یاد میرے لیے بڑی اہمیت کی حامل ہے جب میں فورتھ کلاس میں تھی تو ہماری اردو کی ٹیچر نے ہمیں گلاب کے پھول پر مضمون لکھنے کو کہا میرا لکھا ہوا مضمون انہیں اتنا پسند آیا کہ مجھے انعام بھی دیا اور بڑی حوصلہ افزائی بھی کی۔اور کہا کہ یہ مضمون تم نے میرے سامنے نہ لکھا ہوتا تو میں سمجھتی کہ کسی اور سے لکھوا کر لائی ہو۔جو انہوں نے پوری کلاس کے سامنے میری عزت افزائی کی وہ مجھے آج تک یاد ہے

تفکر – ادبی سفر کے دوران میں کوئی خوبصورت واقعہ؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔بہت سی خوشگوار یادیں جڑی ہیں اس سفر سے مگر حیدرآباد میں میری کتاب آدھی بہار کی تقریب پزیرائی میں سندھ کے دانشور،ادیب،سیاستدان جناب رسول بخش پلیجو صاحب بھی تشریف لائے تھے۔انہوں نے میری سندھی،اردو اور پنجابی شاعری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ روبینہ راجپوت سندھ کی امرتا پریتم ہے یہ بات میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہ تھی

تفکر – ادب میں کن سے متاثر ہیں؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔قراۃ العین حیدر،انتظار حسین،سعادت حسن منٹو،امرتا پریتم،راجندر سنگھ بیدی،بانو قدسیہ،مشتاق احمد یوسفی ان کی تحریریں میں جتنی بار پڑھوں لطف آتا ہے

تفکر – ادبی رسائل سے وابستگی؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔مختلف اخبارات میں لکھا۔نوائے وقت کراچی میں آپ بیتی جگ بیتی کے عنوان سے طنز و مزاح کے کالم لکھے۔کچھ دوسرے اخبارات مثلاََ فروغ رسالے میں ویکلی کالم مختلف موضوعات پر لکھے۔اس کے علاوہ روزنامہ سفیر اور کراچی سے شائع ہونے والے پنجابی اخبار بیلی اور بھلیکھا میں بھی مختلف موضوعات پر کالم اور شاعری شائع ہوتی رہی۔سندھ یونیورسٹی سے نکلنے والے رسالے سرتیوں میں بھی سندھی شاعری شائع ہوتی رہی

تفکر – ادبی گروپ بندیوں اور مخالفت کا سامنا ہوا؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔ادب میں گروپ بندی تو ایک حقیقت ہے مگر میں خود کبھی بھی کسی گروپ بندی کا حصہ نہیں بنی۔اور کسی مخالفت کی پروا نہیں کی کیونکہ اپنے کام سے کام رکھتی ہوں

تفکر – ادب کے حوالے سے حکومتی پالیسی سے مطمئن ہیں؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔کیا ادب کے حوالے سے حکومت کی کوئی پالیسی ہے۔میری ناقص رائے تو یہ ہے کہ جیسے پرانے زمانے میں لوگ بادشاہوں کے قصیدے لکھ کر انعام و اکرام پاتے تھے ویسے ہی دور حاضر میں کچھ نا اہل لوگ حکومت وقت کے لیے کالم لکھتے ہیں اور اس کے بدلے میں نوازے جاتے ہیں اور اعزازات پاتے ہیں۔کیونکہ قابل اور اہل لوگوں کے پاس نہ تو قصیدہ گوئی کا وقت ہے اور نہ ہی یہ ان کے شایان شان ہے

تفکر – اردو ادب سے وابستہ لوگوں کے لیے کوئی پیغام؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔اردو آسمان پہ چمکنے والے سبھی ستارے اپنی روشنی سے دوسروں کو راستہ دکھانے کا کام جاری رکھیں۔کیونکہ وہی ہمارے معاشرے میں پھیلی ہوئی مایوسی کا اندھیرا اپنی فکر و آگہی کے ذریعے مٹانے کا سبب بن سکتے ہیں۔اور بہت سے لوگ یہ فرض بخوبی نبھا رہے ہیں

تفکر – ہماری اس کاوش پر کچھ کہنا چاہیں گے؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔آپ کی یہ کوشش یقیناََ ایک قابل قدر کوشش ہے اس کے ذریعے ہم نہ صرف ایک دوسرے کے بارے میں جان سکتے ہیں بلکہ ایک دوسرے سے جڑنے کا وسیلہ بھی ہے۔آپ یہ قابل ستائش کام کرنے پر مبارک باد کے مستحق ہیں اور یقیناََ آپ کا یہ کام ادبی حلقوں میں پذیرائی حاصل کرے گا

تفکر – پہچان شعر یا تحریر؟

روبینہ راجپوت روبی۔۔نعتیہ شعر

عالم امکاں میں گر ایک لمحے کو بھی تو رہے

دور تک روشن فضا ہو دیر تک خوشبو رہے

Leave your vote

0 points
Upvote Downvote

Total votes: 0

Upvotes: 0

Upvotes percentage: 0.000000%

Downvotes: 0

Downvotes percentage: 0.000000%

شئیر کریں

جواب چھوڑیں

Hey there!

Forgot password?

Don't have an account? Register

Forgot your password?

Enter your account data and we will send you a link to reset your password.

Your password reset link appears to be invalid or expired.

Close
of

Processing files…