نعتِ رسول ﷺ – شبنم شکیل تیرے سوا کسی میں بڑائی نہ…

نعتِ رسول ﷺ – شبنم شکیل

تیرے سوا کسی میں بڑائی نہیں کوئی
تجھ سے بڑی جہاں میں اِکائی نہیں کوئی

تیرے خیال سے ہے منور تمام ذہن
قندیل ہم نے اور جلائی نہیں کوئی

قرطاسِ دل پہ تیرے خدوخال کے سوا
تصویر ہم نے اور بنائی نہیں کوئی

غافل نہیں ہوا کبھی دل تیری یاد سے
نیکی جہاں میں اور کمائی نہیں کوئی

تجھ سے ہمیں ثبوتِ وجودِ خدا ملا
اس سے بڑی دلیل تو آئی نہیں کوئی

تیرے سوا کسی نے نہ دشمن کو دی دُعا
ایسی مثال ہم نے تو پائی نہیں کوئی

کچھ خیر کی رمق ہے تو تیرے ہی دم سے ہے
ورنہ کسی کی یاد بھلائی نہیں کوئی


جواب چھوڑیں