نذرانۂ عقیدت بحضور سرورِ کونینﷺ – تابندہ سحر عابد…

نذرانۂ عقیدت بحضور سرورِ کونینﷺ – تابندہ سحر عابدی

نہ جانے کون سا جلوہ دکھا دیا آقاﷺ
کہ ربِﷻ کعبہ کو عاشق بنا دیا آقاﷺ

فضائےعرشِ معلّیٰ پہ گفتگو رب سے
محال بات کو ممکن بنا دیا آقاﷺ

بھٹک رہی تھی یہ انسانیت زمانے میں
رہِ نجات پہ آخر لگا دیا آقاﷺ

نہ ساتھ جا سکے معراج پر فرشتے بھی
غرور سارا فرشتوں کا ڈھا دیا آقاﷺ

خدا سے ہو گیا بندوں کا رابطہ قائم
ازل کے بچھڑے ہوؤں کو ملا دیا آقاﷺ

بشر کو اس کی حقیقت کی آگہی بخشی
دل و دماغ سے پردہ اٹھا دیا آقاﷺ

سحر ؔکے دل میں بھی احساس کی تڑپ جاگی
دلوں کی آگ سے کندن بنا دیا آقاﷺ


جواب چھوڑیں