( غیر مطبوعہ ) لفظوں کی واردات کُھلی شاعری کُھلی …

( غیر مطبوعہ )

لفظوں کی واردات کُھلی شاعری کُھلی
جب مجھ پہ اُس کی بات کُھلی شاعری کُھلی

سورج کی چال تیز کی دن مختصر کِیا
تب جا کے دن سے رات کُھلی شاعری کُھلی

صیقل کِیا مَیں آئنہِ دل کو ایک دن
سینے میں پھر یہ دھات کُھلی شاعری کُھلی

لفظوں کے ہیر پھیر سے اکتا گیا تھا مَیں
لیکن جمالیات کُھلی شاعری کُھلی

اک ایک سانس مَیں نے بسر کی خیال میں
کھلتی نہ تھی حیات کُھلی شاعری کُھلی

کھلتے رہے غزل کے مفاہیم اور پھر
اک روز مجھ پہ نعت کُھلی شاعری کُھلی

جس پر سفید دن کے معانی نہ کُھل سکے
اُس پر سیاہ رات کُھلی شاعری کُھلی

اطراف ، لفظ و حرف کے مابین تھی کہیں
جیسے ہی شش جہات کُھلی شاعری کُھلی

مجھ پر کُھلی شعور کی لُکنت اور اس کے بعد
زیبؔ !1 اُس پہ میری ذات کُھلی شاعری کُھلی

( اورنگـــ زیبؔ )

— with Aurang Zeb.

جواب چھوڑیں